کراچی:کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی ،سیکریٹری محمدرضوان بھٹی اور دیگر عہدیداروں نے سینئر صحافی اور ایڈیٹر انچیف آن لائن نیوز ایجنسی و روزنامہ جناح محسن بیگ کو ایف آئی اے کی جانب سے گرفتار ی کو آزادی اظہار رائے پر حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے ۔
کراچی پریس کلب کے عہدیداروں کا کہنا تھا کہ سینئر صحافی محسن بیگ کو گرفتار کرنے کیلئے ایف آئی اے نے چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا ایف آئی اے کے پاس وارنٹ گرفتاری تک نہیں تھے اور انہوں نے محسن بیگ اور ان کے اہل خانہ سے بد تمیزی بھی کی بعدازاں انہیں تھانے منتقل کرکے ایف آئی اے نے سخت تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں ۔
ان کا کہنا تھاکہ محسن بیگ کی گرفتاری آزادی اظہار رائے پر کھلا حملہ ہے ۔حکومت پر تنقید کرنے والے صحافیوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنایا جانا جمہوریت کی نفی ہے ۔انہوں نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے محسن بیگ کو رہا اور ان پر تشدد کے مرتکب ایف آئی اے اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔