اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہاہے کہ مجھے پہلی دفعہ پتا چلا کہ کارکردگی دکھانا کتنا بڑا گناہ ہے،میڈیا میں ان کی کارکردگی پر تبصرہ کرنے کے بجائے ان کے بارے میں غلیظ گفتگو کی جاتی ہے، سیاستدانوں نے پارلیمنٹ کو جاگیر بنا رکھا ہے، ان کی کرپشن بے نقاب کرنے کی جرأت کریں تویہ غلیظ مہم چلاتے ہیں ۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ غلیظ گفتگو پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے)میں شکایت کرنا میرا قانونی حق ہے، متعلقہ ادارے نے کارروائی کس انداز سے کی یہ سوال مجھ سے نہیں بنتا۔ مراد سعید نے کہا کہ میرے خلاف جو غلیظ مہم چلائی گئی یہ سیاستدانوں کی نظر میں مڈل اور لوئر مڈل کلاس کی اوقات ہے، پارلیمنٹ تک عام آدمی پہنچتا نہیں اگر پہنچے تو غلیظ تعلق کا بولتے ہیں۔ پارلیمنٹ میں راناثنا اللہ، قادرپٹیل، رفیع اللہ جیسے افراد مجھے گالیاں دیتے ہیں، میری پرفارمنس اکیلی مراد سعید کی نہیں موٹروے پولیس کی ہے، میری کارکردگی این ایچ اے، پوسٹ آفس کے ہر ملازم اور اہلکار کی کارکردگی کا ثبوت ہے۔ مراد سعید نے کہا کہ میں نے ٹی وی پروگرام کا حوالہ دے کر قانونی کارروائی کی درخواست دی تھی، قانونی ٹیم کی مشاورت سے کارروائی کا آغاز کیا گیا، میں نے اپنی قانونی ٹیم سے مشاورت جاری رکھی ہوئی ہے۔
