کرائسٹ چرچ(جسارت نیوز)کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کے پہلے دن جنوبی افریقا کی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی اننگز میں 95رنز پر ڈھیر ہو گئی، جنوبی افریقا کے 3 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو سکے۔ نیوزی لینڈ کے بولر میٹ ہینری نے صرف 23رنز دیکر 7کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔جنوبی افریقا کے 95رنز کے جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلے دن کا کھیل ختم ہونے تک 3کھلاڑیوں کے نقصان پر 116رنز بنا لیے ہیں ۔ میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، مگر جنوبی افریقن بیٹسمین کے لیے کریز پر کھڑا ہونا محال ہو گیا تھا ۔ ایک رن پر ڈین ایلگر کے پویلین لوٹنے کے بعد پھر کسی کھلاڑی نے کریز پر ٹھہرنے کی کوشش ہی نہیں کی ۔ زبیر حمزہ اور کائل ویرینی نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 33قیمتی رنز کا اضافہ کیا۔جنوبی افریقا کے 3 کھلاڑی ڈبل فیگر میں داخل ہونے میں کامیاب ہو سکے ، پوری ٹیم 95رنز پر آئوٹ ہو گئی۔ جنوبی افریقا کی جانب سے زبیر حمزہ25رنز بنا کر کامیاب بلے باز رہے۔یہ جنوبی افریقا کی ٹیسٹ کرکٹ کی 90 سالہ تاریخ کا چھٹا واقعہ ہے کہ جب ٹیم 100کا ہندسہ عبور کرنے میں ناکام رہی۔جنوبی افریقا کی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کرنے میں مکمل طور پر نیوزی لینڈ کے بولر میٹ ہینری کا ہاتھ تھا، جنہوں نے صرف 23رنز دیکر 7کھلاڑیوں کو میدان بدر کیا۔
