پنڈدادنخان (صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت مضبوط ہے‘ اسے وفاق اور پنجاب میں بھی کوئی خطرہ نہیں‘ جہانگیر ترین پارٹی کو کوئی نقصان نہیں پہنچائیں گے۔ پنڈ دادنخان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم کی آواز کو عالمی سطح پر پذیرائی ملتی ہے‘ سیاسی مخالفین کی آواز عالمی سطح پر نہیں سنی
جاتی‘ عمران خان کے لیول کا کوئی شخص پاکستان میں نہیں‘ بلاول، مریم نواز، فضل الرحمن اور شہباز شریف سیاسی بونے ہیں‘ مریم نواز مثبت سوچ رکھتی ہیں تو اپنا پیسہ پاکستان میں لائیں‘ شریف خاندان کا پیسہ اگر پاکستان آ جائے تو معاشی حالات بہتر ہو جائیں گے۔ فواد چودھری نے کہا کہ جہانگیر ترین کے ساتھ احترام کا تعلق ہے، وہ پارٹی کے ساتھ ہیں‘ جہانگیر ترین پارٹی کو کبھی نقصان نہیں پہنچائیں گے، جو عدم اعتماد لانا چاہتے ہیں ان پر ان کے گھر والے اعتماد نہیں کرتے، حکومت مضبوط ہے، وفاق اور نہ ہی پنجاب میں خطرہ ہے، یہ منہ اور مسور کی دال، یہ کیا تحریک عدم اعتماد لائیں گے‘ یہ شوق سے لائیں، ان کو منہ کی کھانا پڑے گی‘ اپوزیشن سینیٹ میں اکثریت کے باوجود ہارتی رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مراد سعید کے خلاف غلط زبان استعمال کی گئی، پوری قوم مراد سعید کے ساتھ کھڑی ہے، مراد سعید کو سراہتا ہوں انہوں نے آگے بڑھ کر ایف آئی آردرج کرائی۔
