راولپنڈی (اے پی پی/ صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں نہ صرف مظالم کی انتہا کر دی بلکہ ایسی گھنائونی سازش کر رہا ہے کہ مسئلہ کشمیر نہ صرف ختم ہو جائے بلکہ وہ کشمیر کو ہی ہڑپ کر لے لیکن ہم بھارت کی ان مکروہ سازشوں کو ناکام بنائیں گے‘ اس میں نہ صرف پاکستان کے عوام بھی ہمارے ساتھ ہیں بلکہ پوری دنیا میں مقیم کشمیری بھی اس پر اپنی بھرپور آواز بلند کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو راولپنڈی کے علاقے دھمیال میں سابق ناظم راجا طارق محمود کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے ظہرانے کے موقع پر استقبالیہ سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سلطان محمود چودھری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے اس اہم اور فیصلہ کن موڑ پر ہماری اب یہ زیادہ ذمہ داری بنتی ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالیوں کو عالمی فورمز پر بے نقاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں 24 فروری کو نیشنل پریس کلب اسلام آباد سے ڈی چوک تک کشمیر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا لہٰذا میں عوام سے اس ریلی میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ ہمارے اسلاف نے ڈوگرہ حکمرانوں کے ظلم و ستم کے خلاف علم بغاوت بلند کیا ہے اورگولیاں کھائیں‘ اپنی کھالیں اتروائیں اور جانوں کے نذرانے پیش کیے‘ان قربانیوں کی کوئی نظیر تاریخ میں نہیں ملتی‘ غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان، مجاہد اول سردار محمد عبدالقیوم خان، بابائے پونچھ کرنل خان محمد خان اور کریلوی خاندان کی عظیم قربانیوں کا نتیجہ ہے کہ ہم آج آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں‘ وہ قومیں مٹ جاتی ہیں جو اسلاف کی قربانیوں کو فراموش کر دیتی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سدھن ایجوکیشنل کانفرنس کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔