پشاور زلمی نے سپر اوور میں لاہور قلندرز کو شکست دیدی

لاہور (سید وزیر علی قادری) قذافی اسٹیڈیم لاہورمیں کھیلے گئے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے آخری لیگ میچ میں پشاور زلمی نے سپر اوور میں لاہور قلندرز کو شکست دے دی۔ فاتح ٹیم نے ایک اوور میں چھ رنز کا ہدف بغیر کوئی وکٹ گنوائے دوسری گیند پر حاصل کرلیا۔ لاہور قلندرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سپر اوور میں بغیر کسی نقصان کے پانچ رنز اسکور کیے تھے۔ اس سے قبل ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے تیسویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاہین شاہ آفریدی کی شاندار بلے بازی کی بدولت پشاور زلمی کے خلاف میچ برابر کردیا تھا۔شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے آخری اوور میں 23 رنز اسکور کرکے میچ برابر کیا تھا۔ اس میچ میںشکست کے باوجود لاہور قلندرز کی ٹیم ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز کے مدمقابل آئے گی۔ مطلوبہ ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کے ان فارم بیٹر اور ٹورنامنٹ میں چھ نصف سنچریاں اسکور کرنیوالے اوپنر فخر زمان اننگز کی پہلی گیند پر کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس لوٹے تو ان کی ٹیم دباؤ کا شکار ہوگئی اورمحمد حفیظ کے علاوہ ان کا کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹھہرسکا۔ تجربہ کار بیٹر بھی 44گیندوں پر 49 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لاہور قلندرز کو جیت کے لیے آخری 12 گیندوں پر 30 رنز درکار تھے تاہم وہاب ریاض نے اننگز کے انیسویں اوور کی پہلی گیند پر سیٹ بیٹر محمد حفیظ اور نئے آنے والے بیٹر حارث رؤف کی وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ صرف چھ رنزدے کر میچ میں پشاور زلمی کی گرفت مزید مضبوط کردی تاہم شاہین شاہ آفریدی نے میچ کے آخری اوور میں محمد عمر کو ایک چوکا اور تین چھکے لگا کر اسکور برابر کردیا۔ فاسٹ باؤلرز وہاب ریاض اور ارشد اقبال نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔شعیب ملک، عماد بٹ، محمد عمر اور خالد عثمان نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے تھے۔ ان فارم اوپنر محمد حارث کے 6 کے انفرادی اسکور پر آؤٹ ہونے کے بعد حضرت اللہ ززائی نے کامران اکمل کے ساتھ 36 رنز کی شراکت قائم کرکے مزاحمت کی کوشش کی تاہم وہ بھی 20 اسکور بناکر آؤٹ ہوگئے۔ کامران اکمل نے 18 رنز اسکور کیے۔اس کے بعد تجربہ کار بیٹر شعیب ملک نے نوجوان کرکٹر حیدر علی کیساتھ 60 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔ یہ پشاور زلمی کی اننگز کی سب سے لمبی پارٹنرشپ تھی۔ شعیب ملک 32 رنز بناکر پشاور زلمی کے سب سے نمایاں بیٹر رہے۔ حیدر علی نے 25 رنز اسکور کیے۔اختتامی اوورز میں خالد عثمان 19 اور حسین طلعت 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ فواد احمد نے 26 رنز کے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد حفیظ، ڈیوڈ ویزے، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

وٹس ایپ کے ذریعے خبریں اپنے موبائل پر حاصل کرنے کے لیے کلک کریں

تمام خبریں اپنے ای میل میں حاصل کرنے کے لیے اپنا ای میل لکھیے

اپنا تبصرہ بھیجیں