شہدادپور(نمائندہ جسارت)پریس کلب کی جانب سے صحافیوں پر ریاستی ظلم و جبر اور سینئر صحافی محسن بیگ کے خلاف حکومتی ایماپر ایف آئی اے کی کارروائی، گرفتاری، تشدد اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کے خلاف ریلی نکالی گئی جو پریس کلب سے شروع ہو کر مختلف علاقوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر اختتام پذیر ہوئی۔ ریلی کے شرکاء صحافیوں نے سیاہ بینر اُٹھا رکھا تھا۔ ریلی کے شرکا سے پریس کلب کے سینئر نائب صدر قاسم کلوئی، سابق صدر ارشاد بخاری، جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمد رفیق شیخ، چیئرمین مجلس عاملہ غلام عباس ساند، رانا ندیم سلیم اور ڈاکٹر اللہ جوڑیو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی معیشت کو آسمانوں تک پہنچانے کے جھوٹے وعدے کر کے اقتدار میں آنے والی نااہل سلیکٹیڈ حکومت ہر شعبے میں ناکام ہو چکی ہے اور اپنی کوتاہیوں کو چھپانے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ نااہل وزراء کے کرتوتوں کو سامنے لانے پر دیگر صحافیوں کی طرح صحافی محسن بیگ کو بھی ظالمانہ کارروائیوں کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ حکومت کے عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت نے صحافیوں کو ظلم اور جبر کانشانہ بنانے کا سلسلہ ختم نہ کیا، صحافی محسن بیگ کو فوری رہا اور اہل خانہ کو ہراساں کرنے کا سلسلہ ختم نہ کیا تو ملک بھر کے صحافی سخت احتجاج پر مجبور ہوں گے۔