کراچی ( اسٹاف ر پورٹر)سندھ اسمبلی کے باہر صحافیوں کے احتجاج کے باعث انتظامیہ نے اسمبلی گیٹ بند کردیے جس کے باعث ارکان اسمبلی اور اسمبلی کی کوریج کرنے والے صحافی سندھ اسمبلی بلڈنگ میں داخل ہونے کے لیے ادھر ادھر پریشان گھومتے رہے۔پی ٹی آئی کے کچھ ارکان جو صحافیوں کے احتجاج سے پہلے اسمبلی بلڈنگ آگئے تھے انہیں اسمبلی سے باہر جانے سے روک دیاگیا۔پی ٹی آئی ارکان نے سندھ اسمبلی کا گیٹ بند کرنے کے خلاف سخت احتجاج کیا اور صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے نعرے لگائے۔پی ٹی آئی ارکان سندھ اسمبلی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت نے سندھ اسمبلی کو نوگوایریابنادیاہے،سندھ اسمبلی کے تمام گیٹ بند کردیے اور کسی کو بھی اندر جانے کی اجازت نہیں دی جارہی۔انہوں نے کہا کہ پی پی حکومت کو اب صحافیوں سے بھی خطرہ ہے ،ان کے احتجاج کے بعد اسمبلی کے تمام دروازے بند کردیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں اس وقت بدترین آمریت قائم ہے۔ پی ٹی آئی کے رکن صوبائی اسمبلی بلال غفار نے کہا کہ مراد علی شاہ وزیر اعلیٰ نہیں بلکہ نالائق اعلیٰ ہیں، ہم ان کے فوری استعفے کا مطالبہ کرتے ہیں۔قبل ازیںسینئر صحافی اطہر متین کے قاتلوں کی عدم گرفتاری کیخلاف صحافیوں نے کراچی پریس کلب سے سندھ اسمبلی تک احتجاجی مارچ کیا۔