
لاہور(نمائندہ جسارت)ن لیگی صدر اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے ہم تحریک عدم اعتمادپاکستان کے 22کروڑ عوام کی خواہش کے پیش نظر لارہے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کا یہ متفقہ فیصلہ ہے کہ ہم اس کے لیے آگے بڑھیں گے یہ ہماراآئینی اورسیاسی حق ہے، اس حق کو استعمال کرنے سے ہمیں کوئی نہیں روک سکتا،تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے پہلے میڈیا کو بتادیں گے، نیازی نیب گٹھ جوڑ نے معیشت کو تباہ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، اگر میرے خلا ف ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو مجھے قبر سے نکال کردار پر لٹکا دیں۔ان خیالات کااظہار شہباز شریف نے لاہور کی احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا10ارب روپے ہرجانے کا کیس عمران خان کے خلاف عدالت میں ہے اوروہاںپران کے وکیل ہی نہیںآتے اور جواب جمع نہیں کراتے، کسی دوسرے پر الزام لگانے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکو۔شہبازشریف نے کہا کہ پاناما میں10 ارب مانگنے والے اب عدالت ہی نہیں آتے۔این سی اے نے میرے سوئس بینکوں سے متعلق چیک کیا،سوئٹزر لینڈ سے خط آیا کہ شریف نام کا کوئی بینک اکائونٹ نہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ حکومت نے غریب عوام کا بھرکس نکال دیا ہے،عوام اس وقت ایک وقت کی روٹی سے قاصر ہیں،اپنے اہل خانہ کے لیے دوائی نہیں لاسکتے، تعلیم کے لیے پیسے نہیں، دودھ پیتے بچے کے لیے پیسے نہیں ہیں، اس وقت غربت اوربیروزگاری آسمان سے باتیں کررہی ہے۔ بطور وزیر اعظم نامزدگی کے حوالے سے پارٹی قائد نواز شریف اورپارٹی مشاورت سے فیصلہ کریں گے،جو حکم ملے گا وہی کروں گا۔ عمران خان کے دورہ روس کے سوال پر شہباز شریف نے کہاکہ دنیا کے جو ممالک ہیں اورخاص طور پر ہمارے جو ہمسایہ ممالک ہیں یا قرب وجوا ر میں ہیں، ان سے ہمیں تعلقات ٹھیک کرنے میں یقینا بحیثیت قوم اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت نے تو چین جیسے ملک کو ناراض کردیا۔
