میرپورخاص (نمائندہ جسارت) ڈویژنل کمشنر میرپورخاص سید اعجاز علی شاہ نے کہا ہے جن بھی اضلاع کے تعلقوں میں گندم کی فصل اترنا شروع ہو گئی ہے ان علاقوں میں سب سے پہلے گندم خریداری کا عمل شروع کیا جائے سندھ حکومت کی جانب سے جاری کردہ گندم کی خریداری حدف کو اپنے وقت پر مکمل کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آبادٖگاروں میں باردانے کی تقسیم اور گندم خریداری کے حدف کو مکمل کرنے کے حوالے سے متعلقہ عملداروں سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کے آباد گاروں کو گندم کی رقم وقت پر ادا کی جائے سب سے پہلے چھوٹے آباد گاروں کو باردانہ فراہم کیا جائے تاکہ ان کو فائدہ ہو سکے۔ اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت کے مطابق میرپورخاص ریجن کو گندم خریداری کا 5 لاکھ 82 ہزار 2 سو میٹرک ٹن کا حدف دیا گیا ہے جس میں میرپورخاص کو 3 لاکھ 50 ہزار، عمرکوٹ کو2 لاکھ 23ہزار اور تھرپارکر کے لیے 9 ہزار 200 میٹرک ٹن کا ہدف مقرر کیا گیا ہے،جبکہ حکومت سندھ محکمہ خوراک کی جانب سے گندم خریداری کے میرپورخاص رینج کے لیے41 سینٹر قائم کیئے گئے ہیں جس میں 20 میرپورخاص 20 عمرکوٹ جب کے تھر پارکر کے لیے ایک خریداری سینٹر مقرر کیا گیا ہے اس وقت میرپورخاص کے لیے 96 ہزار ایک سو بوریاں، 2لاکھ 2 ہزار 96 کٹے، عمرکوٹ کے لیئے 56 ہزار4 سو بوریاں، 81 ہزار 814 کٹے تھرپارکر کیلیے 3ہزار 794 بوریاں جبکہ 16 ہزار 85 کٹے موجود ہیں اس کے علاوہ گندم خریداری بڑھنے کی صورت اور گندم کو محفوظ کرنے کے لیے میرپورخاص ڈویژن کے لیے 359 ترپالیں جس میں میرپورخاص 87، عمرکوٹ 209 اور تھرپارکر کے لیے 63 ترپال موجود ہیں جو کہ ضرورت کے وقت کام میں لائی جائیں گی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر تھرپارکر محمد نواز سوھو، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سلامت علی میمن، ڈپٹی کمشنر عمرکوٹ طاہر علی میمن، ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ زاہد حسین بلوچ، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر عمرکوٹ میر علی محمد ٹالپر، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرتھر پارکر امجد احمد میمن، اسسٹنٹ ڈائریکٹر خرم چنا، ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر میرپورخاص حاتم علی سمیت دیگر نے شرکت کی۔
