اسلام آباد (صباح نیوز) احساس راشن رعایت پروگرام میں کم آمدنی والے خادانوں کو رجسٹر کرنے کیلیے احساس 8171 ایس ایم ایس سروس کل دوبارہ کھل رہی ہے۔ وزیراعظم کی معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ ’’لوگوں کی گہری دلچسپی کو مدنظر رکھتے ہوئے، ہم نے سروس کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان مستفید ہو سکیں‘‘ جن خاندانوں کی ماہانہ آمدنی 50 ہزار روپے سے کم ہے وہ اپنا CNIC نمبر 8171 پر بھیج کر اپنا اندراج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک پاکستان کی شراکت سے پروگرام کا باضابطہ آغاز ہوچکا ہے، تمام ترانتظامات مکمل ہیں۔ 26 جنوری کو پورٹل کے بند ہونے تک رجسٹریشن کے پہلے مرحلے میں 19.5 ملین درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے 9.3 ملین خاندانوں کی نشاندہی کی گئی، پروگرام کے تحت 20 ملین اہل خاندانوں کو آٹا، دالوں، کوکنگ آئل یا گھی کی خریداری پر ماہانہ بنیادوں پر 30 فیصد ٹارگٹڈ سبسڈی دی جائے گی۔ مجموعی طور پر، ملک بھر میں 130 ملین افراد اس پروگرام سے مستفید ہوں گے جو کہ ملک کی آبادی کا تقریباً 53 فیصد ہیں۔احساس راشن رعایت پروگرام میں پنجاب، کے پی، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کی صوبائی حکومتیں حصہ لے رہی ہیں۔
نشتر