دمشق (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیل نے شام کے جنوبی علاقے کو بم باری کا نشانہ بنایا۔ شامی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق فضائی دفاعی نظام نے کارروائی ناکام بنادی اور اکثر میزائلوں کو فضاہی میں تباہ کردیا گیا۔ بشار حکومت کے ترجمان نے اپنے بیان میں بم باری کے نتیجے میں ہونے والے نقصان کی تصدیق نہیں کی۔ چند برسوں کے دوران میں اسرائیل نے شام میں سیکڑوں فضائی حملے کیے۔ ان میں اسدی فوج کے ٹھکانوں کے علاوہ ایرانی ملیشیاؤں اور لبنانی حزب اللہ کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ تاہم حالیہ ہفتوں میں ان حملوں میں تیزی آ گئی ہے۔گذشتہ ماہ دارالحکومت دمشق کے اطراف اسرائیلی فضائی حملوں میں 3 شامی فوجی مارے گئے تھے۔ فروری میں شام میں 4 اسرائیلی فضائی حملے ریکارڈ کیے گئے۔دوسری جانب شام کے علاقے بادیہ شام میں داعش نے فوجی بس پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز کے 15 اہلکار ہلاک ہوگئے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی میں 18 سے ز ائد زخمی ہوئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے کیوں کہ 2اہلکاروں کی حالت تشویشناک ہے۔رواں سال کے آغاز سے داعش بادیہ شام میں 61 اسدی فوجیوں کو ہلاک کرچکی ہے۔ 20 جنوری کو حسکہ میں داعش نے اپنے ساتھیوں کو باآسانی چھڑا لیا تھا۔