English Al Qamar Urdu جون 23, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

تحریک انصاف کی تبدیلی کا پول کھل چکا ہے،جاوید قصوری

القمر

لاہور (نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے موجودہ ملکی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ2028ء تک حکومت میں رہنے کا خواب دیکھنے والے،عوام میں اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔جلد انہیں آٹے اور دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔تحریک عدم اعتماد کے بعد تحریک انصاف کی صفوں میں بوکھلاہٹ واضح نظر آرہی ہے۔حکومت اپنے ہی مشکوک افراد کی فہرست مرتب کرنے میں مصروف ہے۔ارکان اسمبلی کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد حکومت نے ملک و قوم کو سنگین بحرانوں سے دوچار کر دیا ہے۔عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف میسر نہیں۔ حکومت کی کارکردگی سے عوام کے ساتھ ساتھ اتحادی بھی بدظن دکھائی دیتے ہیں۔کیسے نا اہل لوگ بر سراقتدار آچکے ہیں جو اپنے ہی لوگوں کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی کارکردگی سے حکومتی افراد بھی مطمن نہیں اور ا ن کو ہٹانے کے لیے واضح طور پر سامنے آچکے ہیں۔ تحریک انصاف کی تبدیلی کا پول کھل چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں آئین و قانون کی حکمرانی اور بالادستی کی خواہشمند ہے۔ ہم کسی بھی غیر قانونی اور غیر آئینی اقدام کی حمایت نہیں کریں۔ملک کو 1973کے آئین کے تحت ہی آگے لے کر جا یا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج جس نہج پر پہنچ چکا ہے اس میں مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کی بیڈ گورننس کا بنیادی ہاتھ ہے۔تینوں جماعتوں نے ملک و قوم کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ان لوگوں سے آئندہ بھی کسی قسم کے خیر کی توقع نہیں کی جا سکتی۔محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے عوام کے جذبات کو بری طرح مجروع کیا ہے۔تبدیلی کی خاطر ووٹ ڈالنے والے ہی آج اس حکومت سے سخت ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ وزیر اعظم نے کوئی ایک وعدہ بھی ایسا نہیں ہے جس کو پورا کیا ہو۔عوام کو گمراہ کرنے والوں کا انجام قریب ہے۔جماعت اسلامی ملک و قوم کو کرپشن سے پاک،پڑھی لکھی اور محب وطن قیادت فراہم کر سکتی ہے۔ہمارا کوئی ذاتی ایجنڈا نہیں ہے۔ہم نے ہمیشہ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کیا ہے۔جماعت اسلامی کے لوگوں کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے