کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین “بینوقادر ٹرافی “ٹیسٹ سیریز کادوسرا میچ آج سے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شروع ہو گا ۔ دوسرے میچ سے قبل دونوں ٹیموں نے بھرپور تیاریاں کی ہیں،دونوں ٹیموں نے مسلسل دوسرے روز نیشنل اسٹیڈیم میں بھرپور پریکٹس کی۔دوسری جانب نیشنل اسٹیڈیم کراچی پاکستان کا مضبوط قلعہ کہا جاتا ہے، گرین کیپس نے 43ٹیسٹ میں 23فتوحات سمیٹیں، صرف 2میں شکست ہوئی،پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین نیشنل اسٹیڈیم میں 8 میچز کھیلے جا چکے جس میں پاکستان نے5میچز میں فتح پائی، کینگروز کو ابھی تک پہلی کامیابی کی تلاش رہی ہے ۔ 24برس کے بعد پاکستان کا دورہ کرنے والی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے جمعرات اور جمعہ کو نیشنل اسٹیڈیم کا رخ کرکے ٹریننگ سیشن میں اپنی صلاحیتوں کی جانچ کی، کھلاڑیوں نے تربیت کا آغاز جسمانی ورزشوں سے کیا۔روایتی انداز میں قومی جھنڈا نصب کرکے ٹریننگ کا آغاز کرنے والی پاکستان ٹیم فٹبال سے لطف اندوز ہوئی جبکہ مہمان کھلاڑیوں نے رگبی سے دل بھلایا۔ بعدازاں بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پریکٹس کی گئی، قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ ثقلین مشتاق، بیٹنگ کوچ محمد یوسف اور کپتان بابر اعظم نے وکٹ کا بغور جائزہ بھی لیا۔ دوسری طرف وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ آسٹریلیا اور پاکستان کے درمیان فیصلہ کن میچ تب ہوں گے جب پچز اچھی بنائی جائیں گی۔آسٹریلوی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ سے محبت کرنے والی قوم ہے لیکن دہشتگردی کے باعث کئی سال سے انٹرنیشنل کرکٹ کی میزبانی سے محروم رہے۔ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا انتظار کافی عرصے سے کر رہے تھے، آسٹریلوی ٹیم کو صدارتی سطح کی سکیورٹی دی جا رہی ہے، ہماری حکومت نے ملک کے اندر سیکورٹی حالات کو بہتر بنایا ہے۔پاکستانی قوم آسٹریلیا کے ساتھ سیریز کا جوش و خروش کیساتھ انتظار کررہی تھی اور ایک کھلاڑی کی اصلی آزمائش ٹیسٹ کرکٹ میں ہوتی ہے۔
