English Al Qamar Urdu جون 28, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

کراچی ٹیسٹ کا پہلا دن: عثمان خواجہ کی سینچری کی بدولت آسٹریلیا کی پوزیشن مضبوط

القمر

پاکستان اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان کراچی میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے ہیں۔ آسٹریلیا کے پاکستانی نژاد اوپنر عثمان خواجہ 127 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو اوپنر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے 82 رنز کی اوپننگ شراکت داری قائم کی۔

ڈیوڈ وارنر 36 رنز بنا کر محمد رضوان کی گیند پر فہیم اشرف کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔

وارنر کے بعد مارنس لبو شین عثمان خواجہ کا ساتھ دینے کریز پر آئے، لیکن بغیر کوئی رنز بنائے ساجد خان کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے۔

چوتھی وکٹ کی شراکت میں اسٹیو اسمتھ اور عثمان خواجہ نے 151 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی، آسٹریلیا کا اسکور جب 250 پر پہنچا تو اسٹیو اسمتھ حسن علی کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پہلے روز جب کھیل ختم ہوا تو آسٹریلیا نے تین وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنا لیے تھے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 17 اوورز میں 39 رنز دیے جب کہ حسن علی نے 12 اوورز میں 31 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

فہیم اشرف نے 13 اوورز میں 32 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔ پاکستانی اسپنرز ساجد خان اور نعمان علی پہلے روز کوئی بھی وکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ راولپنڈی میں کھیلا گیا تھا جو بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔

پہلے ٹیسٹ میچ کی پچ پر نہ صرف شائقینِ کرکٹ بلکہ آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز نے بھی تنقید کی تھی۔

البتہ پہلے روز کھیل کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ کا کہنا تھا کہ کراچی کی پچ مجموعی طور پر بیٹنگ کے لیے سازگار تھی، لیکن دوسرے سیشن میں گیند ریورس سوئنگ ہو رہی تھی۔

اُن کا کہنا تھا کہ توقع ہے کہ تیسرے یا چوتھے روز وکٹ اسپنرز کے لیے موزوں ہو جائے گی۔ تاہم اُن کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں وہ بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے