کراچی/ نیویارک (اسٹاف رپورٹر+ اے پی پی) عالمی مارکیٹ میں ڈالر پاکستانی روپے کی قدر کو گراتا ہوا 179 روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر مہنگا ہوگیا۔ فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں45 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے ڈالر کی قیمت خرید178.55 روپے ؎سے بڑھ کر 179 روپے اور قیمت فروخت 178.65 روپے سے بڑھ کر179.10 روپے ہو گئی اسی طرح مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں10 پیسے کے اضافے سے ڈالر کی قیمت فروخت 179.40 روپے سے بڑھ کر179.50 روپے ہوگئی۔ فاریکس رپورٹ کے مطابق یورو کی قدر میں ایک روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے یورو کی قیمت خرید 193 روپے سے بڑھ کر 194 روپے اور قیمت فروخت195 روپے سے بڑھ کر196 روپے ہوگئی تاہم ایک روپے کی کمی سے برطانوی پاؤنڈ کی قیمت فروخت234 روپے سے گھٹ کر 233 روپے پر آگئی ۔علاوہ ازیں عالمی منڈی میں خام تیل کے نرخوں میں تقریباً4ڈالر فی بیرل تک کمی آئی ہے۔ نیویارک مرکنٹائل ایکس چینج میں پیر کو مئی کے لیے خام تیل کے ترسیل کے سودوں کے دوران برینٹ نارتھ سی کروڈ کو 3.10ڈ الر (2.7فیصد) کمی کے ساتھ 109.62ڈالر فی بیرل اور ڈبلیو ٹی آئی (امریکی لائٹ سویٹ )کو3.10 ڈالر فی بیرل (2.8فیصد) کمی کے ساتھ106.23 ڈالر فی بیرل میں خریدا گیا۔ یاد رہے کہ24فروری کو روس کے یوکرین کے خلاف فوجی آپریشن کے آغاز کے بعد سے اب تک خام تیل کے نرخوں میں40 فیصد تک اضافہ ہو چکا ہے۔