اسلام آباد(نمائندہ جسارت+آئی این پی) وزیر اعظم عمران خان نے اسلام آبادمیں پیپلزپارٹی کے سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی اراکین کی موجودگی پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں،سازش کا مقابلہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھاکہ کسی صورت میں اس خرید و فروخت کے سامنے نہیں جھکوں گا۔علاوہ ازیں جمعرات کو وزیراعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں ناراض گروپ کے حوالے سے عمران خان کا رویہ سخت رہا۔ انہوں نے اسپیکراسدقیصر کو21مارچ کو قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بلیک میل نہیں ہوں گا ،آخری گیند تک لڑوں گا، کسی کو نہیں چھوڑوں گا ، ہارس ٹریڈنگ کی کسی بھی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ عوام میرے ساتھ ہیں، عدم اعتماد کو ناکام بنائیں گے، اتحادی ہمارے ساتھ ہیں، اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد پر ناکامی سے دوچار ہونا پڑے گا،آپ تمام لوگ پرسکون رہیں ، ان کے ساتھ جو کرنا ہوگا میں خود کروں گا ،28تاریخ کو سب معلوم ہوجائے گا ۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ اجلاس میں وزیر اعظم نے منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اور قانونی ٹیم کو منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے کہہ دیا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے کہا کہ آئین میں واضح لکھا ہے پارٹی پالیسی کے خلاف جانے پر قانونی کارروائی کے تحت ڈی نوٹیفائی کیا جاسکتا ہے۔