English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

سندھ ہائوس پر پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنان کا دھاوا گیٹ توڑدیا

القمر
اسلام آباد:پی ٹی آئی کے کارکنان سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑنے کے بعداندرداخل ہورہے ہیں

اسلام آباد(خبرایجنسیاں+مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنان نے جمعہ کی شام اسلام آباد میں واقع سندھ ہاؤس پر دھاوابول کرمرکزی دروازہ توڑاور اندر داخل ہوکر ہنگامہ آرائی کی۔ مشتعل کارکنان کے ساتھ کراچی سے منتخب پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی فہیم خان اور عطا اللہ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔پی ٹی آئی کارکنان نے ہاتھوں میں لوٹے لے کر منحرف اراکین اسمبلی کے خلاف احتجاج اور استعفا دینے کا مطالبہ کیا۔سندھ ہاؤس میں تعینات سندھ پولیس کے اہلکار پی ٹی آئی کارکنان کے سامنے بے بس دکھائی دیے۔سندھ ہاؤس سے سامنے آنے والی وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ 3سے 4پولیس اہلکاروں نے ابتدائی طور پر گیٹ کو لاتیں مارنے والے کچھ افراد کو وہاں سے ہٹانے کی کوشش کی تاہم اس کے بعد کے مناظر میں مشتعل افراد کی بڑی تعداد نے آگے بڑھ کر دروازے کولاتیں مار کر توڑا۔اس دوران اسلام آباد پولیس کی نفری سندھ ہاؤس پہنچی ور مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، مظاہرین اور اہلکاروں میں بدنظمی بھی ہوئی۔وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اسلام آباد پولیس کو سندھ ہاوس پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیا ۔انہوں نے سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کی آمد اور ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے۔ نجی ٹی وی چینل سما سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ یہ کوئی اچھی بات نہیں ہے میں ابھی اسلام آباد پولیس سے پوچھتا ہوں۔ بعدازاں اسلام آباد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے وقوعہ سے پی ٹی آئی کے 2 ارکان اسمبلی سمیت 12 کارکنان کو حراست میں لیا اور تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کردیا۔ قانون کے حرکت میں آنے کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان سندھ ہاؤس سے منتشر ہوگئے۔دریں اثناء وزیراعظم کے معاونِ خصوصی شہباز گل تھانہ سیکرٹریٹ پہنچے اور پولیس حکام پر گرفتار افراد کی رہائی کے لیے دباؤ ڈالا اوراراکین اسمبلی کو چھڑوا کرساتھ لے گئے۔وفاقی پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف چادر چار دیواری کی خلاف ورزی، بلوا، حملہ کرنے کی دفعات کے تحت متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا، جس میں گرفتار کیے گئے 12 کارکنان سمیت متعدد کو نامزد کیا گیا۔ ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے دفعہ 144کی خلاف ورزی کی۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کے حملے کے وقت سندھ ہاؤس میں کوئی منحرف رکن اسمبلی موجود نہیں تھا کیونکہ انہیں پی پی قیادت پہلے ہی کسی اور مقام پر منتقل کرچکی تھی۔ادھر پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے کو سندھ پر حملے کے متراف قرار دیا ہے۔پیپلز پارٹی کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے جاری بیان میں انہوںنے کہا کہ سندھ ہاؤس پر منظم منصوبہ بندی سے حملہ کیا گیا جو کو دہشت گردی پر مبنی کارروائی ہے۔انہوں نے کہا کہ درجنوں پولیس چوکیوں کو عبور کرکے حملہ آوروں کا ریڈ زون میں واقع سندھ ہاؤس پہنچنا سوالیہ نشان ہے۔پیپلز پارٹی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سابق صدر آصف علی زرداری کا بیان بھی ٹویٹ کیا گیا ہے۔ جس میں انہوںنے الزام عاید کیا ہے کہ عمران خان کے پاس اگر نمبرز پورے ہوتے تووہ پارلیمنٹ لاجز اور سندھ ہاؤس پر حملوں کے بجائے ایوان میں اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے۔پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن نے سندھ ہاؤس پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کے دھاوے اور ہنگامہ آرائی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ اور عدالت عالیہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمیں مجبور نہ کیا جائے کہ ہم بھی ایسے کریں کیونکہ ہمیں بھی بنی گالا اور وزیراعظم ہاؤس کا راستہ معلوم ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے نجی ٹی وی چینل دنیا ٹی وی سے گفتگو میں ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کہا کہ بچے ہیں، جذباتی ہیں، ایسا ہو جاتا ہے کوئی ایسی بات نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ناراض اراکین نے جو گھٹیا حرکت کی گئی ہے، ظاہر ہے ان کے بارے میں معاشرے میں نفرت پائی جاتی ہے اور آج اس کا اظہار کیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے ان سے ایسا کرنے کا نہیں کہا تھا اور اسد عمر نے انہیںایسا کرنے سے روک دیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے