English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

وزیراعظم نے منحرف ارکان کے خلاف کارروائی کی ٹھان لی،ڈٹ کر مقابلے کا امکان

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز+آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے منحرف ارکان کے خلاف قانونی کارروائی کی ٹھان لی اور ڈٹ کر مقابلے کا اعلان کردیا۔ وزیر اعظم کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔عمران خان نے منحرف اراکین کے خلاف سیکرٹری جنرل عامر کیانی اوربابر اعوان کو قانونی کارروائی کی ہدایت کردی۔انہوںنے کہا کہ ایسے اقدامات کریں گے کہ مستقبل میں کسی کوہارس ٹریڈنگ کی جرات نہ ہو۔اجلاس میں وزیراعظم نے اپوزیشن کی تمام جماعتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کا اعلان کرتے ہوئے کہا 27مارچ کے جلسے میں قوم تبدیلی کے ساتھ نظر آئے گی، یہ چاہے جتنابھی پیسہ لگا لیں،ان کا مقابلہ کروں گا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ یہ لوگ مائنس ون چاہتے ہیں ایسا کسی صورت نہیں ہوسکتا، شکرہے یہ مطالبہ کر رہے ہیں اس سے ہم اور اوپر جائیں گے۔ وزیراعظم نے سینئر وزراء کو بنی گالہ طلب کیا، جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرداخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیراطلاعات فواد چودھری شریک ہوئے، اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال میں حکومتی حکمت عملی پر مشاورت ہوئی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰکے 2018ء کے فیصلے کی روشنی میں ہارس ٹریڈنگ کے خلاف صدارتی ریفرنس لایا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں دیگر آئینی اور قانونی آپشنز پربھی غور کیا گیا۔ مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان اور اٹارنی جنرل نے وزیراعظم عمران خان کو بریفنگ دی۔ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی کے حوالے سے مشاورت اور آئندہ کی حکمت عملی پر بھی غور کیا گیا،پی ٹی آئی نے منحرف اراکین کے خلاف بھرپور کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق اجلاس کے شرکاء کی اکثریت نے سندھ میں گورنر راج لگانے کی مخالفت کر دی ۔ اراکین کی اکثریت نے رائے دی کہ اگر سندھ میں گورنر راج لگایا گیا تو اس سے معاملات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔اراکین کا کہنا تھاکہ گورنر راج سے قانونی معاملات میں بھی پیچیدگیاں پیدا ہوں گی، اراکین کی رائے سن کر وزیر اعظم عمران خان نے معاملے پر مزید غور کرنے کی ہدایت کر دی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سندھ میں گورنر راج کے صرف 2 حمایتی ہیں، جن میں ایک شیخ رشید ہیں۔ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملاقات کی، اور ملکی سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ مزید برآں وزیراعظم سے بنی گالہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کی ہے ، جس میں ملک کی مجموعی صورتحال اور سیکورٹی کے معاملات سمیت 23مارچ کی پریڈ اور او آئی سی اجلاس پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے