لاہور(نمائندہ خصوصی) آسٹریلوی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز مارنس لبوشین ٹیسٹ کیریئر میں پاکستان کے خلاف مسلسل تیسری مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوگئے۔مارنس لبوشین لاہور میں جاری تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ میں شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ تھما بیٹھے۔ وہ حالیہ ٹیسٹ سیریز میں دوسری مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے۔آسٹریلوی بلے باز اپنے پورے ٹیسٹ کیریئر میں اب تک 3 مرتبہ صفر پر آئوٹ ہوئے اور تینوں مرتبہ پاکستان کے بولرز کا شکار بنے ہیں۔اس سے قبل، اکتوبر 2018 میں پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دبئی میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں بھی مارنس لبوشین صفر پر آئوٹ ہوئے تھے اور انکی وکٹ بلال آصف نے حاصل کی تھی۔