ماسکو:روس کی ایک عدالت نے فیس بک اور انسٹاگرام کو انتہا پسندادارے قرار دے کر پابندی عائد کردی۔
میڈیارپورٹس کے مطابق عدالت نے یہ فیصلہ اس وقت سنایا جب روسی حکام نے امریکا سے تعلق رکھنے والی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ یوکرین کے تنازع کے دوران روس فوبیا کو بھڑکانے کی کوشش کررہی ہے۔
ماسکو کی ورسکوئی ڈسٹرکٹ کی عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ وہ پراسیکیوٹر کی اس درخواست سے متفق ہے کہ دونوں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر انتہا پسندانہ سرگرمیوں کے باعث پابندی عائد ہونی چاہیے۔مگر میٹا کی زیرملکیت واٹس ایپ میسنجر سروس پر پابندی عائد نہیں کی گئی کیونکہ وہ پبلک پلیٹ فارم نہیں۔خیال رہے کہ روس کی جانب سے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے روس میں فیس بک اور انسٹاگرام تک رسائی کو بلاک کردیا گیا تھا۔
