نئی دہلی(انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی وزیر اعظم نفتالی بینیٹ 3 سے 5 اپریل تک بھارت کا دورہ کریں گے۔ ان کے دورے سے زراعت، پانی، تجارت سمیت دیگر شعبوں میں بھارت کے ساتھ تعاون مضبوط ہونے کا امکان ہے۔ خبررساں اداروں کے مطابق نفتالی بینیت کا یہ دورہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دعوت پر ہو رہا ہے ۔ اسرائیل اور بھارت کے درمیان سفارتی تعلقات کے 30 سال مکمل ہونے پر بھارت میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا اور نفتالی بینیت اس میں شرکت کریں گے۔ اس سے قبل نومبر 2021 ء میں دونوں ممالک کے رہنماؤں نے گلاسگو میں ملاقات کی تھی۔ خبررساں اداروں کے مطابق جولائی 2017 ء میں مودی کے اسرائیل کے دورے کے دوران بھارت اور اسرائیل نے تعلقات کو شراکت داری کے ذریعے آگے بڑھانے پر اتفاق کیا تھا۔ اس کے بعد سے دونوں ممالک نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔
