کراچی: پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میری خواہش ہے کہ وزیراعظم عمران خان استعفیٰ نہ دیں بلکہ وہ پارلیمنٹ آئیں اور پھر انہیں شکست ہو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ ٹرمپ کارڈ جس کے پاس ہوتا ہے وہ کسی کو بتاتا نہیں ہے، ٹرمپ کارڈ کوئی بھی عوام کیخلاف استعمال نہیں کرسکتا، ڈالر، بجلی، تیل، اناج کی قیمتیں کہاں تک پہنچ گئیں کوئی پوچھنے والا نہیں؟
پی پی رہنما نے کہا کہ ان کی جانب سے تکلیف دہ الفاظ استعمال کیے جارہے ہیں، اتحادی جماعتیں ان کے ساتھ ہوتیں تو ایسے الفاظ کا استعمال نہیں کیا جاتا، عمران خان کو سینیٹ میں شکست ہوئی تھی تو انہوں نے اعتماد کا ووٹ لیا تھا، چوہدری نثار کی ملاقاتیں ایک سال پہلے ہوئی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان استعفیٰ دیں یا نہ دیں ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں، ہم چاہتے ہیں کہ عمران خان پارلیمنٹ میں آئیں اور پھر انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن والے سنبھل کر چل رہے تھے اور کہتے تھے، آئیں ساتھ بیٹھیں، کہا جاتا تھا کہ اپوزیشن ناکارہ ہے، نااہل اپوزیشن ملی ہے، پیپلز پارٹی کو مجبورا طاقت کا مظاہرہ کرنا پڑا، وزیر اعظم کی جانب سے کہا گیا کہ 10لاکھ لوگ کھڑے کردوں گا دیکھتے ہیں کون پارلیمنٹ جاتا ہے، ہم آپ کا یہ طریقہ کار بھی دیکھ لیتے ہیں۔
