اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کینسر کا اسپتال کسی بھی ملک میں نعمت ہوتا ہے۔ اسلام آباد میں شوکت خانم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کینسر کی بیماری تمام بیماریوں سے الگ ہے، جس کا علاج کافی مہنگا ہے، جب کسی شخص میں اس مہلک مرض کی تشخیص ہوتی ہے تو اسے موت کا زیادہ خوف ہوتا ہے۔ کیونکہ دل کے امراض کے بعد زیادہ ترلوگ کینسر سے مرتے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ چالیس سال پہلے پاکستان میں کینسر اسپتال بنانےکا ارادہ کیا تھا، لوگ مجھے کہتے تھے کہ اسپتال توبنالیں گے چلائیں گے کیسے؟ میرا ایک ہی جواب ہوتا تھا، جو لوگ اسپتال بنانے میں مدد کررہے ہیں وہی اسپتال بھی چلائیں گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ شوکت خانم بنایا تو فیصلہ کیاتھا کہ 70 فیصدمریضوں کا مفت علاج ہوگا، فیصلے پر من وعن عمل کیا، پاکستانی عوام نے اب تک63ارب روپے شوکت خانم کوفنڈز دیئے جن میں سے 63 ارب روپے مریضوں پر خرچ کئے جاچکے، اتنی بڑی خطیر رقم غریبوں کے علاج پر خرچ کرنا معجزہ ہے۔
