کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) دوسرے نیا ناظم آباد رمضان کپ فلڈ لائٹ فٹبال ٹورنامنٹ میں ایک اور میچ کا فیصلہ ہوگیا۔ شاہد میموریل نے خان برادرز ٹھٹہ کی ٹیم کو 2 گول سے شکست دے کر اہم کامیابی حاصل کرلی۔ نیا ناظم آباد کے سرسبز گراؤنڈ میں برقی قمقموں کی روشنی میں فٹبال کا میلہ سجا۔ مہمان خصوصی چیئرمین نیا ناظم آباد عارف حبیب سے دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں اور میچ آفیشلز کا تعارف کرایا گیا۔ اپنے خطاب میں عارف حبیب کا کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہے کہ نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کے بھرپور مواقع فراہم کیے جائیں جس میں وہ کامیاب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ سہولیات فراہم کیے بغیر نوجوانوں سے اچھے نتائج کی توقع کیسے کی جاسکتی ہے۔ ہمارے ملک میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے بس نوجوانوں کی سرپرستی کی ضرورت ہے۔ اس موقع پرکھیلے گئے میچ میں شاہد میموریل نے خان برادر ٹھٹہ کو 2 گول سے شکست دی۔ پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔ رازق مشتاق نے 63 ویں منٹ میں اپنی ٹیم کے لیے پہلا گول کیا۔13 منٹ بعد ایک اور گول کرکے رازق نے اپنی ٹیم کی برتری کو دگنا کردیا۔ خان برادرز ٹھٹہ کے کھلاڑیوں نے گول کرنے کی متعدد کوشش کی لیکن وہ ناکام رہے۔ خان برادرز کی ٹیم کو پہلے میچ میں کراچی یونائیٹڈ نے تین گول سے شکست دی تھی۔ دوسری شکست کے بعد خان برادرز کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے۔ ٹورنامنٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل نے شاندار کھیل پیش کرنے پر شاہد میموریل کے اسٹرائیکر رازق مشتاق کو مین آف دی میچ ایوارڈ دیا۔
