English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

قوم نئی حکومت اور غلامی تسلیم نہ کرے ، عمران خان

القمر

اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم عمران خان نے نئی حکومت کو تسلیم نہ کرنے سے متعلق قوم کے نام نیا پیغام شیئر کیا ہے۔ ہفتے کو قومی اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان اپنے سوشل میڈیا پر کافی متحرک نظر آ ئے اور ایک گھنٹے کے دوران متعدد پوسٹس شیئر کر ڈالیں۔وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے اپنے سوشل میڈیا اکائونٹس پر ایک نیا پیغام شیئر کیا گیا ہے۔اس 2منٹ 17سیکنڈ کے وڈیو پیغام میں وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو نئی حکومت اور غلامی تسلیم نہ کرنے سے متعلق ترغیب دی ہے۔وزیر اعظم عمران خان کا اس وڈیو پیغام میں کہنا ہے کہ میں اپنی نوجوان نسل سے کہنا چاہتا ہوں کہ آپ کا مستقبل آپ کے ہاتھ میں ہے، میں اس امپورٹڈ حکومت کو تسلیم نہیں کروں گا اور میں عوام میں جائوں گا۔ان کا کہنا ہے کہ میں کبھی بھی جدو جہد سے نہیں گھبراتا ، میں جد و جہد جاری رکھوں گا، میں کبھی تسلیم نہیں کروں گا کہ پاکستان پر کسی بھی قسم کی امپورٹڈ حکومت مسلط کی جائے۔ علاوہ ازیں اسلام آباد میں شوکت خانم فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کینسر کا اسپتال کسی بھی ملک میں نعمت ہوتا ہے۔ کینسر کی بیماری تمام بیماریوں سے الگ ہے، جس کا علاج کافی مہنگا ہے، جب کسی شخص میں اس مہلک مرض کی تشخیص ہوتی ہے تو اسے موت کا زیادہ خوف ہوتاہے کیونکہ دل کے امراض کے بعد زیادہ ترلوگ کینسر سے مرتے ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 40 سال پہلے پاکستان میں کینسر اسپتال بنانے کا ارادہ کیاتھا، لوگ مجھے کہتے تھے کہ اسپتال توبنالیں گے چلائیں گے کیسے؟ میرا ایک ہی جواب ہوتا تھا، جو لوگ اسپتال بنانے میں مدد کررہے ہیں وہی اسپتال بھی چلائیں گے۔وزیراعظم نے کہا کہ شوکت خانم بنایاتو فیصلہ کیاتھا کہ 70فیصدمریضوں کا مفت علاج ہوگا، فیصلے پر من وعن عمل کیا، پاکستانی عوام نے اب تک63ارب روپے شوکت خانم کوفنڈز دیے اور63ارب روپے ہی مریضوں پر خرچ کیے جاچکے، اتنی خطیر رقم غریبوں کے علاج پر خرچ کرنا معجزہ ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے