جدہ (صباح نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری اتوار کی صبح سعودی عرب کے 4 روزہ دورے پر جدہ پہنچ گئے۔ جدہ ائرپورٹ پران کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ سعودی عرب میں مقیم کشمیریوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ اس موقع پر جدہ ائرپورٹ پر ان کے استقبال کے لئے آنے والوں میں او آئی سی میں پاکستان کے سفیر و مستقل مندوب رضوان سید شیخ ودیگر بھی موجود تھے۔ جدہ ائرپورٹ پر بات چیت کرتے ہوئے صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چودھری نے کہا کہ مجھے یہ اعزاز حاصل رہا کہ میں امریکا، برطانیہ اور یورپ کے ایوانوں میں جہاں مسئلہ کشمیر کو پیش کرتا رہا ہوں اب مجھے یہ منفرد سعادت بھی حاصل ہورہی ہے کہ میں او آئی سی کی دعوت پر آج یہاں جدہ آیا ہوں اور میں مشرق وسطیٰ میں مسئلہ کشمیر پر ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کا مؤقف پیش کروں گا۔ میں یہاں پر اپنے دورے کے دوران مسئلہ کشمیر پر او آئی سی اور سعودی حکام سے ملاقاتیں کر کے مسئلہ کشمیر پر حمایت حاصل کرنے کی کوشش کروں گا اور مجھے قوی امید ہے کہ امہ اب کھل کر مسئلہ کشمیر پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرے گی۔ کیونکہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بھارتی اقدامات کے بعد بھارت مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کرنا چاہتا ہے اور مسئلہ کشمیر کو ختم کرنے کے در پہ ہے لہٰذا ہمیں مسئلہ کشمیر کو دنیا کے ہر فورم پر اجاگر کر کے انٹرنیشنل کمیونٹی کی حمایت حاصل کرنا ہوگی۔
