امریکہ، جرمنی، برطانیہ، کینیڈا، فرانس، اٹلی اور جاپان پر مشتمل جی۔7 ممالک کے وزرائے خزانہ نے یوکرین کے لئے 24 بلین ڈالر سے زائد امداد کی یقین دہانی کروائی ہے۔
جی۔7 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان نے، روس کی 24 فروری کو یوکرین کے خلاف شروع کردہ، جنگ کے بارے میں مشترکہ بیان جاری کیا ہے۔
بیان کے مطابق روس کی یوکرین کے خلاف شروع کردہ جنگ، جنگ کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان اور جنگ کے گلوبل اقتصادیات پر اثرات کے موضوعات پر بات چیت کے لئے جی۔7 ممالک کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان نے اجلاس کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ بین الاقوامی تنظیموں اور کثیر الفریقی فورموں کو روس کے ساتھ کاروائیاں اب سابقہ سطح پر نہیں رکھنی چاہئیں۔ ہمیں رواں ہفتے متوقع جی۔20 ، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اور عالمی بینک اجلاسوں میں روس کی شرکت پر افسوس ہے۔
سربراہان نے کہا ہے کہ ” ہم نے، بین الاقوامی برادری کے ہمراہ، یوکرین کو 2022 اور اس کے بعد کے لئے مالیاتی و مادی معنوں میں 24 بلین ڈالر سے زائد اضافی امداد فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے”۔
بیان میں جی۔7 سربراہان اور مرکزی بینکوں کے سربراہان نے یوکرین اور اس کے ہمسایہ ممالک کو دی جانے والی امداد کے مربوط دوام پر زور دیا اور ممالک اور عالمی اداروں سے اپیل کی ہے کہ، فوری ضروریات کو پورا کرنے اور اپنے مستقبل کی تعمیر نو کے لئے یوکرین کو ضروری امداد فراہم کی جائے۔
