English Al Qamar Urdu جون 24, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

اقوام متحدہ کی اپیل: فلسطینیوں کے خلاف انتہائی طاقت کے استعمال کی تحقیقات کی جائیں

القمر

اقوام متحدہ نے اسرائیل حکام سےاپیل کی ہے کہ اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف انتہائی طاقت کے استعمال کی تحقیقات کی جائیں۔

اقوام متحدہ مشرق وسطیٰ امن مرحلے کے نمائندہ خصوصی ٹور وینسلینڈ نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے لئے بریفنگ میں کہا ہے کہ مقبوضہ دریائے اردن کے مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں تشدد کے واقعات اور اسرائیل میں دہشت گردانہ حملوں نے ان، مسلمانوں، عیسائیوں اور یہودیوں کے لئے، مقدس دنوں کو ماند کر دیا ہے۔

وینسلینڈ نے کہا ہے کہ "تشدد، تحریکی کاروائیاں اور اکساوے فوری طور پر بند ہونے چاہئیں اور ہر ایک کی طرف سے ان کی کھُلی مذمت کی جانی چاہیے۔ سیاسی، دینی اور معاشرتی رہنماوں کو کشیدگی میں کمی اور مقدس مقامات کی حیثیت کے تحفظ کے لئے اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیے”۔

انہوں نے کہا ہے کہ غزہ سے پھینکے جانے والے راکٹ حساس استحکام کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اسی طرح اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی طرف سے شہریوں کے خلاف انتہائی طاقت کا استعمال اندیشوں کا سبب بن رہا ہے۔

اسرائیلی سکیورٹی فورسز کی مداخلت کے نتیجے میں 4 بچوں سمیت 23 فلسطینیوں کی ہلاکت کا ذکر کرتے ہوئے وینسلینڈ نے کہا ہے کہ ” بچوں کو زخمی اور قتل کرنے کے واقعات کا جاری رہنا خاص طور پر دہشت انگیز ہے۔ میں اسرائیلی حکام سے انتہائی طاقت کے استعمال کے بارے میں جامع اور شفاف تحقیقات شروع کروانے کی اپیل کرتا ہوں”۔

تاہم اسرائیلی اور فلسطینی حکام نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں تناو میں اضافے اور تشدد کے واقعات کے بارے میں دو طرفہ شکل میں ایک دوسرے کو موردِ الزام ٹھہرایا۔

اسرائیل کے اقوام متحدہ کے لئے مستقل نمائندے گیلاڈ ایرڈن نے فلسطینیوں کے لئے دہشت گرد کے الفاظ استعمال کئے اور کہا ہے کہ فلسطینی، مقدس مقامات پر، تشدد کو ہوا دے رہے ہیں۔

فلسطین کے اقوام متحدہ کے لئے مستقل نمائندے ریاض منصور نے کہا ہے کہ "اسرائیلی حکام عبادت کے لئے آنے والے فلسطینیوں کو دہشت گرد قرار دے رہے ہیں” اور متعصب یہودی اور آباد کار مسجد اقصیٰ پر قبضے کی کوشش کر رہے ہیں۔ 

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے