وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی دعوت پر تین روزہ دورے پر سعودی عرب روانہ ہو گئے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر انسداد منشیات شاہ زین بگٹی، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیر دفاع خواجہ آصف وزیراعظم کے ہمراہ وفد میں شامل ہیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین، رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ اور خالد مقبول صدیقی بھی سرکاری دورے پر وزیراعظم کے ہمراہ گئے ہیں۔
روانگی سے قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا کہ ’بھائی چارے اور دوستی کے رشتوں کی تجدید اور اعادہ کرنے کے لیے سعودی عرب کے دورے پر جا رہا ہوں۔
وزیر اعظم نے سعودی ولی عہد کو پاکستان کا سب سے اچھا دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’ سعودی قیادت کے ساتھ کثیر الجہتی مذاکرات کروں گا‘۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیر اعظم کا یہ تین روزہ دورہ 28 سے 30 اپریل تک ہوگا جو کہ ان کا وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز ہونے کے بعد پہلا غیرملکی دورہ ہے۔
دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کے ساتھ اعلیٰ سطحی وفد بھی ہے جس میں وفاقی کابینہ کے کچھ اہم وزرا بھی شامل ہیں۔
بیان میں مزید لکھا گیا ہے کہ دورے کے دوران وزیراعظم سعودی قیادت کے ساتھ ملاقاتوں میں اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری جیسے تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے بات چیت کریں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف تین روزہ دورے (28-30 اپریل، 2022) پر سعودیہ عرب روانہ.
وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، مفتاح اسماعیل، نوبزادہ شاہزین بگٹی، مریم اورنگزیب، خواجہ آصف، چوہدری سالک حسین، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی اور محسن داوڑ بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ. pic.twitter.com/SkTbn1oJzK— Prime Minister’s Office (@PakPMO) April 28, 2022