اسلام آباد: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ میری جان کو خطرہ ہے، میں نے آرمی چیف، ڈی جی آئی ایس آئی، ڈی جی آئی بی، ڈی جی ایف آئی اے، ڈی جی ایم آئی کو درخواست دی ہے جس میں 7 لوگوں کے نام دیئے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عوام مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ حکومت ملک میں خانہ جنگی چاہتی ہے، یہ رانا ثنا اللہ کے ذریعے گند ڈالنا چاہتے ہیں، آصف زرداری یہی چاہتا تھا پنجاب میں گند ڈالے، یہ تحریک سے پہلے شیخ رشید اور عمران خان کو جیل بھیجنا چاہتے ہیں، مجھے خوشی ہے میرے بھتیجے کو جھوٹے کیس میں گرفتار کیا گیا، اگر مریم اورنگزیب یہ کہہ دے کہ راشد شفیق اس دن وہاں تھا اس کو میں قبول کروں گا، میرا ایک نہیں دوسرا تیسرا بھتیجا بھی لے جاؤ میں عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اس حکومت نے میرا نام تو دینا ہی تھا، عمران خان جیسا آدمی جو ننگے پاؤں روضہ رسول پر جاتا ہے اس کا نام بھی مقدمہ دے دیا، جیل میرا سسرال اور ہتھکڑی میرا زیور ہے، عدلیہ انصاف کرے، سارا بوجھ عدلیہ پر آنے والا ہے، جھوٹے مقدمات بنائے جا رہے ہیں، ایف آئی آرز پڑھیں، ساری ایف آئی آرز رانا ثنااللہ نے خود لکھوائی ہیں، مقتدر حلقے کبھی خاموش نہیں رہتے، ان کی آنکھیں اور کان کھلے ہیں۔
