امریکہ اور جی سیون ممالک نے روس کے خلاف پابندیوں پر مبنی مختلف نئے اعلانات کر دیے ہیں۔
خبر کے مطابق، امریکی صدر جو بائیڈن نے جی سیون ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ یوکرین کی صورت حال پر ویڈیو کانفرنس کی، جس میں جی سیون ممالک نے روسی تیل پر مرحلہ وار پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کیا۔
امریکہ نے بھی روس پر مزید پابندیاں عائد کر دیں ہیں جن میں 3 روسی ٹی وی اسٹیشنز کی نشریات بند کر دی گئی ہیں جبکہ روس کے مزید بینک اور اکاؤنٹنگ فرمیں بھی امریکی پابندیوں کی زد میں آ گئیں ہیں۔
امریکہ نے ڈھائی ہزار سے زائد روسی فوجی افسران پر ویزا پابندیاں بھی لگا دی ہیں اورخصوصی جوہری مواد برآمد کرنے کا روسی لائسنس بھی معطل کر دیا جائے گا۔
جی سیون ممالک نے بھی روسی تیل پر مرحلہ وار پابندیاں عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
فرانسیسی صدر امانویل ماکروں نے روس پر نئی پابندیوں کو بے مثال قرار دے کر کہا کہ ہم روسی تیل اور گیس پر انحصار ختم کر دیں گے۔
ماسکو پر مزید پابندیاں لگانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اطالوی وزیرِ اعظم ماریو دریگی نے کہا کہ جی سیون ممالک کو غذائی قلت کے شکار ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔
برطانوی وزیرِ اعظم بورس جانسن نے کہا یوکرین کو مزید فوجی ساز و سامان کی ضرورت ہے جبکہ روس کے حملے خلاف دنیا یوکرین کی مدد کے لیے آگے بڑھے۔