English Al Qamar Urdu جون 29, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

پولیس نے کور کمانڈر کوئٹہ کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی

القمر

خضدار پولیس نے کور کمانڈر کوئٹہ کے لاپتہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کردی۔

ڈی آئی جی خضدار نے آرمی ایوی ایشن کے گزشتہ روز لاپتا ہونے والے ہیلی کاپٹر کا ملبہ ملنے کی تصدیق کی۔

ڈی آئی جی خضدار پرویز عمرانی کا کہنا ہےکہ ہیلی کاپٹر کا ملبہ سسی پنوں مزار کے قریب موسیٰ گوٹھ سے ملا ہے۔

ڈی آئی جی کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ملبہ کراچی سے 45 کلو میٹر دورعلاقے سے ملا ہے جو موسیٰ گوٹھ کے قریب درے گئی پہاڑی سلسلہ ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتہ ہوگیا تھا۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا اور ہیلی کاپٹر لسبیلہ میں فلڈ ریلیف آپریشن میں مصروف تھا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہیلی کاپٹر کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔

ہیلی کاپٹر میں سوار افراد میں پائلٹ میجر سعید، معاون پائلٹ میجر طلحہٰ اورکریو میں چیف نائیک مدثر بھی شامل ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق ہیلی کاپٹر میں کور کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پاکستان کوسٹ گارڈ میجر جنرل امجد اور 12 کور کے انجینیئر بریگیڈیئر خالد سوار ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے