English Al Qamar Urdu جون 25, 2026

Al Qamar Online

The Largest and 1st Online Urdu News Network

معیشت آئی ایم ایف اور سیاست مافیاؤں کے کنٹرول میں ہے، سراج الحق

القمر

مردان: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اور پی ٹی آئی نے ملک تباہ کیا، دونوں اطراف کی حکومتیں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے قائم ہوئیں۔ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں کی پالیسیوں میں کوئی تضاد نہیں، ان کے ہاں عوام کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا پہلے تھا نہ اب ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ   حکمرانوں کی عوام کو لڑائو اور تقسیم کرو کی سیاست نے معاشرے میں پولرائزیشن کو خطرناک حد تک پہنچا دیا۔ ملک ہولناک معاشی، سیاسی اور سماجی بحرانوں کی زد میں ہے۔ معیشت آئی ایم ایف جب کہ سیاست جاگیرداروں، وڈیروں اور مافیاز کے کنٹرول میں ہے۔سیکولر لابیز ملک کی سماجی اقدار کو تباہ کرنے کے در پہ ہیں۔ملک میں قانون کی بالادستی کا تصور ختم ہو چکا ،احتساب نام کی کوئی چیز نہیں رہی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ  قوم کا عدالتوں پر اعتماد اٹھ رہا ہے، جمہوریت تماشا بن کر رہ گئی۔ گزشتہ 75برسوں میں مارشل لاز اور نام نہاد جمہوری ادوار آزمائے جا چکے، ملک میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے پاکستان کو اسلامی نظام چاہیے۔جماعت اسلامی کی جدوجہد اسی مقصد کے حصول کے لیے ہے۔ قوم نے تینوں بڑی جماعتوں کو آزما لیا اب ایک موقع جماعت اسلامی اور اسلامی نظام کو ملنا چاہیے۔

سراج الحق نے کہا کہ ڈالر کی قیمتوں میں کمی کا فرق گرائونڈ پر نظر نہیں آ رہا، عوام مہنگائی کی چکی میں بدستور پس رہے ہیں۔ ملک کا 90فیصد سے زائد طبقہ روزمرہ کی ضروریات پوری کرنے کی سکت نہیں رکھتا۔ لاکھوں کی تعداد میں نوجوان بے روزگار، مستقبل سے ناامید اور ڈپریشن کا شکار ہیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ گزشتہ چند سالوں میں ایسے قوانین بنے کہ جس سے معاشی نظام تباہ ہوا اور معاشرے میں بگاڑ کی بنیادیں رکھی گئیں۔پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ان قوانین کے بنانے میں برابر کی شریک ہیں۔ تینوں جماعتوں نے بین الاقوامی ایجنڈا کو ملک پر مسلط کیا جس سے قومی معیشت پر آئی ایم ایف کا کنٹرول مزید مضبوط ہو گیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے