سڈنی:جنوبی افریقا کے سابق جارحانہ بیٹر اے بی ڈیویلیئرز نے بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا فائنل ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
اے بی ڈیویلیئرز نے گزشتہ روز اپنے ٹوئٹر پر ایک پول شیئر کیا جس کے تحت انہوں نے سوشل میڈیا صارفین کی رائے لی کہ آیا پاکستان اور بھارت کے درمیان فائنل ہوگا یا نہیں؟70فیصد سے زائد مداحوں نے پاکستان اور بھارت کا فائنل ہونے کے حق میں ووٹ دیا، جس پر جنوبی افریقی کرکٹر نے ایک اور ٹوئٹ کی۔
سابق کرکٹر نے کہا کہ ‘بے شک پول کا یہ نتیجہ تصوراتی ہے، 70فیصد سے زیادہ لوگوں کو لگتا ہے پاک بھارت فائنل ہوگا لیکن اس حوالے سے یقینا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیمیں بھی کچھ کہنا چاہیں گی۔
انہوں نے کہا ‘دونوں ٹیمیں اس وقت مضبوط اور بہترین پوزیشن میں ہیں، ورلڈ کپ کے دونوں سیمی فائنلز شاندار ہونے والے ہیں،ڈیویلیئرز نے مزید لکھا میرا بھی یہ ہی خیال ہے کہ پاکستان اور بھارت کا فائنل ہوگا، یہ مقابلہ منہ میں پانی لانے والا (شاندار)ہوگا’۔
