اسلام آباد: پی ٹی آئی کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سیکورٹی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پارٹی چیئرمین پر ایک بار پھر حملے کا خدشہ ہے، جس کی وجہ سے انہیں احتجاجی ریلی قیادت کے دوران عوام سے براہ راست خطاب نہ کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ نواز شریف باقاعدہ منصوبے کے تحت ملک میں مارشل لا لگوا نا چاہتے ہیں، لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ نواز شریف نہیں مان رہے تو ہم الیکشن نہیں کروا سکتے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں استحکام کے لیے الیکشن کروانے پڑیں گے ، ملک اس طرح نہیں چلے گا، سانحہ وزیر آباد کی فارنزک رپورٹ پر مشیرِ داخلہ پنجاب نے بریف کیا کہ حملہ آور 2یا 3تھے ، ایک نے 90ڈگری سے فائر کیے۔ ایک حملہ آور نے سامنے سے فائر کیے ، یہ بھی بتایا گیا کہ ہوسکتا ہے چھت سے کسی نے فائر کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ اسپیشل برانچ کی رپورٹ ہے کہ عمران خان پر دوبارہ حملہ ہوسکتا ہے ، اب چیئرمین پی ٹی آئی کو کہا ہے کہ ریلی کی قیادت کے دوران خطاب نہ کریں۔
