ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے شام کے ساتھ رابطے کے بارے میں کہا ہے کہ "بحیثیت سربراہانِ مملکت ہماری ملاقات کا تعین حالات کریں گے”۔
صدر ایردوان نے دارالحکومت انقرہ میں جسٹس اینڈ ڈویلپمنٹ پارٹی کے توسیعی ضلعی سربراہی اجلاس سے خطاب کیا۔
خطاب میں انہوں نے آج صبح روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ مذاکرات میں ہم نے روس۔یوکرین جنگ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ہے۔ہم نے علاقے میں ممکنہ اقدامات پر بات چیت کی اور ترکیہ۔روس تعلقات کا بھی جائزہ لیا ہے۔
صدر ایردوان نے کہا ہے کہ گذشتہ ہفتے روس کے دارالحکومت ماسکو میں روس، ترکیہ اور شام کے وزرائے دفاع اور خفیہ ایجنسیوں کے سربراہان نے شام کے موضوع پر ملاقات کی ۔
انہوں نے کہا ہے کہ اس ملاقات کے ساتھ ہم نے ایک مرحلہ شروع کروا دیا ہے۔اگلے قدم میں ہمارے وزرائے خارجہ سہ فریقی ملاقات کریں گے اور اس کے بعد حالات کے ڈھب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ہم بحیثیت سربراہانِ مملکت ملاقات کریں گے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ "ہمارا واحد مقصد علاقے میں امن و امان اور آسودگی کو پائیدار کرنا ہے”۔
