کراچی: امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کراچی منی پاکستان ہے جو کبھی روشنیوں کا شہر ہوا کرتا تھا ، ظالموں نے اسے گندگی اور کھنڈرات میں تبدیل کر دیا، ہم ان شاء اللہ اسے پھر سے روشنیوں کا شہر بنائیں گے ، اسے ملک کی معاشی ترقی کا گہوارہ اور تاجروں کے لیے منافع بخش اور آگے بڑھتا ہوا شہر بنائیں گے۔
ادارہ نور حق میں کراچی کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم نے اہل کراچی اور تاجر برادری کی مدد سے بھر پور کامیابی حاصل کی ہے ، ہمیں کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے تاجروںکا بھر پور تعاون چاہیئے، ہم جب مل کر چلیں گے تو کراچی کو پھر چمکتا دمکتا اور مہکتا کراچی بنائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ شہر کی ترقی کیلیے عوام کے مسائل حل کرینگے ، ماضی میں شہر پر حکمرانوں نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے بجائے اپنا بینک بیلنس بنایا ہے، عوام کو مایوسی کے دلدل سے نکال کر امید کی طرف لائیں گے۔
