اسلام آباد: الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی گئی۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس میں عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے ضمانت میں توسیع کردی۔
ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے کیس کی سماعت کی، اس موقع پر وکیل نے سیکورٹی اور طبی بنیادوں پر عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی۔ عدالت سے استدعا کی گئی کہ عمران خان کی پیشی کے موقع پر سیکورٹی فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ اگر 10 فروری کو عمران خان عدالت آئیں گے تو سیکورٹی اقدامات کا کہہ دیتے ہیں، جس پر وکیل بابر اعوان نے کہا کہ میں 10 فروری سے 48 گھنٹے پہلے عدالت کو آگاہ کر دوں گا۔
عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کے فیصلے کے بعد الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں حاضری استثنا کی درخواست منظور کرتے ہوئے عمران خان کی ضمانت میں 10 فروری تک توسیع کردی۔

