اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی پاکستان اور افغانستان دونوں کی مشترکہ دشمن ہے۔ امید ہے کہ کابل عالمی برادری اور پاکستان کے ساتھ کیے گئے اپنے عہد پر پورا ترے گا۔
ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری سے کی گئی یقین دہانیوں کو پورا کیا جائے۔ پاکستان الزام تراشیوں پر یقین نہیں رکھتا بلکہ پاکستان سمجھتا ہے کہ کسی بھی ملک کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان رابطے ہیں اور سرحدی واقعے پر بھی بات ہوئی ہے۔ پاک ایران وزرائے خارجہ کی ملاقات میں بھی تمام امور کا احاطہ کیا گیا ہے۔
ترجمان نے فلسطین میں نہتے شہریوں کی شہادت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت سمیت ان کے حقوق کے مکمل حصول کے لیے ان کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کی بھرپور اور غیر متزلزل حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان نے اسرائیلی قابض افواج کی غیر قانونی دراندازیوں اور ظالمانہ اقدامات کو بند کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے گھناؤنے اور انتہائی جارحانہ فعل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی اور اپنی تشویش ڈنمارک کے حکام تک پہنچا دی ہے، ہم اس طرح کی کارروائیوں کو نسل پرستی، زینو فوبک اور اسلامو فوبک سمجھتے ہیں۔

