لاہور: الخدمت فاؤنڈیشن نے 70 کروڑ روپے کی لاگت سے سیلاب متاثرہ علاقوں سمیت ملک بھر میں ڈیڑھ لاکھ نادار خاندانوں میں ونٹر پیکیج تقسیم کر دیا۔
صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کے مطابق گزشتہ برس آنے والے ملک گیرسیلاب کے باعث گلگت بلتستان، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متاثرہ علاقوں میں لوگوں کی مشکلات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا اور شدید سردی کے باعث بچے، خواتین اور بزرگوں میں بڑے پیمانے پر بیماریاں پھیلنے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔
الخدمت فاؤنڈیشن نے اِسی ضرورت اور اہمیت کے پیش نظر سردیوں کے آغاز ہی سے ونٹر پیکیج کی تقسیم کا آغاز کیا اور ترجیحاََ سیلاب متاثرہ علاقوں میں کمبل، گرم چادریں، جیکٹ، سویٹر، جرسی، دستانے، گرم جرابیں اور گرم ٹوپیاں تقسیم کیں۔
انہوں نے بتایا کہ الخدمت کی ونٹر پیکیج مہم میں اُنہیں اندرون ملک کے ساتھ بیرون ممالک سے مخیر حضرات اور رفاعی اداروں کا ساتھ بھی رہا اور اس کے ساتھ ساتھ الخدمت کے رضاکاروں نے تعلیمی اداروں میں آگاہی مہم کا آغاز بھی کیا تاکہ عام افراد اپنی مدد آپ یا الخدمت جیسے رفاعی اداروں کی مدد سے سیلاب متاثرین تک گرم کپڑے، لحاف اور بستر پہنچا سکیں۔
الخدمت فاؤنڈیشن کی ونٹر پیکیج تقسیم کا مقصد سیلاب متاثرین کو سردی کے ساتھ ساتھ بیماریوں سے بچانا بھی ہے۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن کے مطابق الخدمت فاؤنڈیشن کا سیلاب متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کے بعد بحالی و تعمیر نو کے حوالے سے تعمیر وطن پروگرام جاری ہے اور ہم متاثرین کی مکمل بحالی تک ان کی مدد کے لیے کوشاں رہیں گے۔
الخدمت فاؤنڈیشن کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی نے بتایا کہ ونٹر پیکیج کی تقسیم الخدمت فاؤنڈیشن کے سماجی خدمات پروگرام کا حصہ ہے۔ الخدمت فاونڈیشن ونٹر ڈرائیو کا آ غاز ہر سال ستمبر کے مہینے سے کر دیتا ہے اور یہ سلسلہ مارچ کے آخر تک جاری و ساری رہتا ہے۔
ناگہانی آفات سے متاثرہ علاقوں کے ساتھ ساتھ الخدمت ملک بھر میں نادار افراد کے لیے ونٹر پیکیج کی تقسیم کے پروگرامات کا انعقاد کرتی ہے جس میں الخدمت کے رضاکار منظم اور مربوط نظام کے تحت چھان بین کے بعد ترجیحاََ بیوہ خواتین،یتامیٰ، نادار اور معذور افراد کی فہرستیں تیار کرتے ہیں، جنہیں کوپن جاری کرنے کے بعد پروگرامات میں دعوت دی جاتی ہے۔
خاص طور پر برف میں پھنسے ہوئے دیہاتوں میں، جہاں کوئی گاڑی جانا ممکن نہیں وہاں الخدمت کے رضاکار پیدل چل کر ونٹر پیکیج پہنچانے کا اہتمام کرتے ہیں۔ اِس کے علاوہ الخدمت کے رضاکار فٹ پاتھ پر سونے والے مزدوروں، ٹھیلےیا ریڑھی لگانے والوں اور مزدوروں کو بھی جیکٹ،لحاف، بستر اور گرم چادریں فراہم کرنے کا اہتمام کرتے ہیں۔

