انقرہ: ترکیہ اور شام میں جہاں 6 فروری کو آنے والے زلزے میں جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 22 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور تاحال ملبے سے لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے وہیں ایسے معجزے بھی سامنے آرہے ہیں جسے دیکھ کر ہر زبان پر کلمۂ شکر جاری ہوجاتا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکیہ کے جنوبی صوبے ہاتائے میں ایک تباہ شدہ عمارت کے پہاڑ جیسے ملبے کے اندر 90 گھنٹے دبے رہنے والے ماں اور نومولود کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔ یاگیز نامی بچہ محض 10 دن کا ہے جب کہ اس کی ماں بھی اسی کے ساتھ تھی۔ رضاکاروں نے بڑی احتیاط کے ساتھ ریسکیو آپریشن سرانجام دیا اور ماں بیٹے کو بحفاظت نکالنے میں کامیاب ہوگئے۔
ماں اور بچے کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں اسی عمارت کے ملبے سے ایک شخص کو بھی زندہ نکالا گیا ہے۔
