کراچی: امیرجماعت اسلامی سندھ وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمران خسارہ پوراکرنے کیلیے پورا بوجھ عوام پرڈالنے کی بجائے عیاشیاں وغیرترقیاتی اخراجات ختم کرے،کابینہ مختصراورکفایت شعاری کی پالیسی اپنائی جائے۔
محمد حسین محنتی نے کہاکہ سندھ وبلوچستان کے دکھ ایک جیسے ہیں، یہاں کی ترقی وملکی خوشحالی میں کرپٹ حکمران ،فرسودہ نظام اورظالم جاگیردار ٹولہ ہے جس سے نجات ناگزیر ہے۔پاکستان اوراسلام ایک دوسرے کے ساتھ لازم وملزوم ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھاکہ صدر کی جانب سے 170ارب روپے کے مزید ٹیکس عائد کرنے کے آرڈیننس کو مسترد کرنے کے بعد قومی اسمبلی سے منظوری لینے ،سیلز ٹیکس 17سے18فیصد کرنے کی منظوری اور ایک بار پھر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید 32روپے اضافہ اور ڈالر کی اونچی اڑان نے عوام کی چیخیں نکلوادی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکمران آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عوام کو زندہ دفن کرنے کے عوام دشمن پر تیزی سے عملدرآمد کررہے ہیں،پیٹرولیم مصنوعات کی قیمت میںبار بار اضافے،گیس،بجلی مہنگی کرنے سے ہر چیز مزید مہنگی ہوگی جس سے عام آدمی زندہ دفن ہوجائے گا، حکمران اپنی عیاشیوں کو ختم کرنے کی بجائے غریبوں کے خاتمے کی مشن پر تیزی سے عمل پیرا ہیں۔
صوبائی امیر نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی حکومت عوام کیلئے ایک ڈرائونا خواب بن چکی ہے ،اسحاق ڈار سمیت حکومتی معاشی ٹیم نے ملک کو تباہی کے کنارے اور عوام سے زندہ رہنے کا حق بھی چھین لیا ہے، زرداری، شہباز اور دیگر اتحادی جماعتیں عوام سے کس چیز کا بدلہ لے رہی ہیں، غریب ملک کی85رکنی کابینہ، ڈی سی سے لیکر وزراء اور مشیروں کی فوج کے اخراجات کھربوں روپے لیکن پہلے ہی مہنگائی کے تلے دبے ہوئے عوام پر مزید ٹیکس لگاکر، بجلی،گیس،پیٹرول مہنگی کرکے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے۔

