لاہور: امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام ہی پاکستان کا مقدر اور مسائل کا واحد حل ہے، ملک میں اسلامی نظام کے بغیر ملک وقوم ترقی اور خوشحالی کی منزال طے نہیں کرسکتے۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہاکہ انتخابات میں آئین و قانون کی بالادستی سے ہی ملک و قوم کا مستقبل وابستہ ہے، صدر مملکت پاکستان کا کے پی کے اورپنجاب میں انتخابات کی تاریخ کا اعلان درست فیصلہ ہے مگر ملک کو دو صوبوںمیں انتخابات کی نہیں بلکہ پورے ملک میں انتخابات کی ضرورت ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ حکومت ہیلے بہانوں کی بجائے بروقت پورے ملک میں انتخابات کیلئے ایک تاریخ کا اعلان کرے، جماعت اسلامی نے اہل لاہور کو صوبائی و قومی اسمبلی کیلئے پڑھی لکھی، باصلاحیت اور دیانتدار قیادت فراہم کی ہے۔
انہوں نے کہاکہ قوم انتخابات میں بار بار آزمائی ہوئی پارٹیوں اور سیاستدانوں کی بجائے دیانتدار اور خدمت والی قیادت کا ساتھ دے، نام نہاد سیاسی لیٹروں اور چوروں نے قوم کو مایوسیوں، محرمیوں اور غربت کے سوا کچھ نہیں دیا۔
ضیاء الدین انصاری ایڈوکیٹ نے مزید کہا کہ ملک میں مہنگائی کا55سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا۔غریب اور مڈل کلاس مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا ہے۔ پی ڈی ایم کی حکومت اب تک مہنگائی میں 27.6فیصد اضافہ ہوا۔
انہون نے کہاکہ ظلم کی انتہاء ہے کہ حکمران طبقہ قوم کیساتھ جھوٹ بول رہا ہے کہ دنیا بھر میں مہنگائی ہوئی ہے جبکہ عالمی سطح پر مہنگائی میں صرف 5فیصد اضافہ ہوا ہے اوراسکے مقابلے میں پاکستان میں27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے 23واں پروگرام لیا جارہا ہے جبکہ 22پروگرامات ناکامی سے دوچار ہوئے ہیں او ربار سب سے زیادہ مہنگائی کا بوجھ عام آدمی پر ڈال دیا گیا ہے۔ قوم پر170ارب کا بوجھ صرف تین ماہ کے لئے ہے اور حکومت آئی ایم ایف کی ایما ء پر عوام پر مزید 560ارب کے ظالمانہ ٹیکسز بھی لگانا چاہتی ہے۔
