وانا: شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں سیکورٹی فورسزاور دہشت گردوں میں شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گردہلاک ہوگیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیکورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر شمالی وزیرستان کے علاقہ میرعلی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا اس دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
سیکورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد مارا گیا، جو فورسز پر حملوں اور شہریوں کے قتل میں ملوث تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گی۔
آئی ایس پی آر اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ مقامی لوگوں نے دہشت گردوں کیخلاف کارروائی پر سیکورٹی فورسز کے اقدام کو سراہا اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

