پشاور:جے یو آئی خیبرپختونخوا کے امیر مولانا عطا الرحمن نے کہا ہے کہ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سب سے زیادہ دین اسلام کو نقصان پہنچایا، ریاست مدینہ کے نام پر ملک کو لوٹا گیا ہے۔
مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی محنت نے پی ٹی آئی کو سیاسی تنہائی کا شکار کر دیا ہے، آج ان کے ساتھ کوئی بات کرنے کو تیار نہیں، 4 سال ملک کا نقصان کرنے والے عمران خان نے کہیں زیادہ خیبر پختونخوا کو نقصان پہنچایا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک ہو یا بیرون ملک عمران خان اعتماد کھو چکا ہے، دوسروں پر الزامات لگانے والا خود عدالتوں سے چھپ رہا ہے، توشہ خانہ کی گھڑی نہیں دوسری چیزیں بھی عمران خان کے جیب سے برآمد ہوئی ہیں، موجودہ حکومت کی مشکلات میں پی ٹی آئی کی وجہ سے اضافہ ہوا ہے۔
رہنما جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ آئندہ عمران خان کی نسلوں کو بھی کوئی حکومت نہیں کرنے دے گا، صوبے کی تعمیر و ترقی میں جے یو آئی بھر پور کردار ادا کرے گی، انتخابات کے حوالے مرکزی قیادت کے فیصلوں کو تسلیم کیا جائے۔
مولانا عطا الرحمن نے کہا کہ ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ پی ٹی آئی حکومت نے ملک کو اس قدر کنگال کر رکھا ہے، وظیفوں سے نہیں بہتر پالیسوں سے معاشی حالات ٹھیک ہوں گے، ہم انتخابات کیلئے بالکل تیار ہیں، آج تک دوسروں کے سہاروں پر انتخاب نہیں لڑا۔