کراچی؛سندھ حکومت نے کچے کے علاقے میں ڈاکوؤں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کرلیا، ڈاکوئوں کے خلاف آپریشن میں سندھ، پنجاب ، بلوچستان پولیس ، رینجرز اور فوج بھی حصہ لے گی، وزیر اعلی سندھ نے منظوری دے دی۔
تفصیلات کے مطابق جمعرات کو وزیراعلی سندھ کی زیرصدارت سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری داخلہ اور آئی جی نے کچے کے علاقے میں ڈاکوں کے خلاف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی،آئی جی سندھ نے کہا کہ کچے کے علاقے میں پولیس کو ملٹری گریڈ کے اسلحے کی ضرورت ہے اور ملٹری گریڈ کے اسلحے کی خریداری کی سفارش ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں کی تھی۔
اس اسلحے کی خریداری کے لیے 2.7ارب روپے کی ضرورت ہے تاہم اس حوالے سے وزارت داخلہ سے بھی این او سی لی جائے گی،سندھ کابینہ نے پولیس کے لیے فنڈز منظور کرکے اسلحہ خریدنے کی منظوری دے دی۔
سندھ کابینہ نے کچے کے علاقے میں ڈاکوں کے خلاف مشترکہ آپریشن کا فیصلہ کیا جس میں سندھ، پنجاب اور بلوچستان کی پولیس کے رینجرز اور فوج بھی حصہ لے گی،اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ یہ ایک مشترکہ اور پری پلان آپریشن ہوگا جب کہ آپریشن آئی جی پولیس اپنی منصوبہ بندی سے شروع کریں گے۔
