اسلام آباد:کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لینے والی نگراں کمیٹی نے بعض سرکاری افسران کی جانب سے 1800 سی سی کی گاڑیوں کے استعمال پر گہری تشویش ظاہر کی ہے اور تمام حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ایسی گاڑیوں کے استعمال کو روک دیں۔
پیر کو وزیرخزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت کمیٹی کے اجلاس میں کفایت شعاری اقدامات کے حوالے سے اپنے پہلے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بیشتر الاٹ شدہ گاڑیاں کابینہ ارکان نے واپس کر دی ہیں۔کمیٹی نے کابینہ ڈویژن کو فیصلے پر سخت درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ان پرتعیش گاڑیوں کو تین دن کے اندر واپس کیا جائے جنہیں اب تک واپس نہیں کیا گیا۔
وزارت قانون و انصاف کو اعلی عدلیہ سے رجوع کرنے کا کام سونپا گیا تھا جس میں ان کے محکموں میں کفایت شعاری اقدامات پر عملدرآمد کرنے اور وقت اور اخراجات کی بچت کی غرض سے تمام اجلاسوں میں ٹیلی کانفرنسز کا استعمال یقینی بنانے کے لئے سینٹ کے چیئرمین اور قومی اسمبلی کے اسپیکر سے رجوع کرنے کو کہا گیا۔

