سیالکوٹ: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک کے سنگین معاشی حالات کا ادراک ہے، جس کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر کے ہمراہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ قوی امید ہے کہ جون تک معاملات بہتر ہو جائیں گے اور ملک آگے بڑھے گا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ ہمیشہ سے ہی بہت اہمیت کا حامل رہا ہے ،سیالکوٹ کی تاجر برادری کا اپنی مدد آپ کے تحت اپنا ڈرائی پورٹ بنانا پھر اپنا ائرپورٹ بنالینا اور پھر اپنی ائرسیال کا آغاز کرنا انتہائی احسن اقدام ہیں، اس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے۔ملکی ایکسپورٹ جتنی بڑھے گی ملک و قوم کے لیے اتنا ہی بہتر ہو گا لہٰذا ہم تاجر برادری کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لیے کوشاں ہیں ۔
بطور مہمان خصوصی سیالکوٹ کی تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ کوئی بھی حکومت ہو اس کا کام ہے کہ وہ تاجر برادری کا ساتھ دے اور ان کے کاموں میں ہاتھ بٹائے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے آگے بڑھتے ہوئے ملک کے لیے زرمبادلہ کما سکیں کیونکہ ایکسپورٹ ہی ایک ایسا ذریعہ ہے جو ملک کو معاشی مشکلات سے نکال سکتا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھی اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے مسائل کے حل کے لیے کوشاں ہیں اور وزارت تجارت نے اس ضمن میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے کردار کو بھی سراہا اوروومن چیمبر کے زیر اہتمام ہونے والی پہلی صنعتی نمائش کے انعقاد کو انتہائی احسن اقدام قرار دیا ۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی وومن چیمبر نے پہلی صنعتی نمائش کا انعقاد کر کے ایک اور نئے سفر کا آغاز کر دیا ہے جس پر یہ خواتین مبارکباد کی مستحق ہیں کیونکہ یہ ایک ایسا اقدام ہے جس سے ہماری خواتین بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے معاشرے میں اپنا ایک نام و مقام بنا سکتی ہیں۔
