اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے صدرِ مملکت کے ذریعے جنرل باجوہ کو توسیع کی آفر کی تھی ، عمران خان نے غیر آئینی طور پر اسمبلی توڑی، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی طریقے سے لائی گئی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے بعد غیر قانونی اقدامات کیے، تحریک انصاف کا منفی رویہ سب کے سامنے ہے، عمران خان بضد ہیں کہ عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہونا، یہ اور ان کے کارکن عدالتوں کو تضحیک کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ جتھوں کو لے کر عدالت پہنچتے ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا غیر قانونی اقدام کسی سیاستدان نے نہیں کیا، سیاست دانوں نے پروقار انداز میں سیاست کی، عمران خان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، ان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کی گرفتاریاں کی گئیں، اسی دور میں مجھے بھی گرفتار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ 3سال تک میرے اہل خانہ عدالتوں کا سامنا کرتے رہے، عمران دور میں جیسے اپوزیشن کوانتقام کانشانہ بنایا گیا ایسا کسی جمہوری دور میں نہیں ہوا،انہوں نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی ملزم عدالت میں پیش ہونے سے انکار نہیں کرتا، لندن سے آکر نواز شریف نے اپنی بیٹی کے ساتھ گرفتاری دی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں عام انتخابات اکتوبر میں ہوں گے، 2لاکھ افغان امریکا جانے کے لیے پاکستان آئے، وہ ابھی تک یہیں ہیں، زلمے خلیل زاد افغانوں کو امریکا لے جانے کی بات کیوں نہیں کرتے۔

